مختلف مزدور رہنماؤں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومت سے خصوصی معاون فنڈ تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کام کرنے کے مقامات پر اسکریننگ کا نظام لگانے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ کراچی: کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری این ایل سی کرامت علی ،مزدور رہنما حبیب جنیدی ،لیاقت ساہی اور ناصر منصور سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے کے لئے سارک رکن حکومتوں کو ہتھیاروں کی خریداری پر اپنی آمدن خرچ کرنے کے بجائے عوام کی فلاح بہبود کے لیے وسائل مہیا کرنا ہوں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کے باعث مزدور طبقہ خوف اور شدید مالی پریشانی کا شکار ہے ،اس لیے ان مزدوروں کے لیے معاون مالی فنڈ تشکیل دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس قدرتی آفت کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام صوبوں اور وفاقی حکومت کے محکموں کے مابین قریبی روابط پر زور دیتے ہیں۔