پاکستان مسلم لیگ نواز ( ن ) کی سینیر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف آج بروز جمعہ 27 جنوری کو لندن سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئی ہیں۔ اس موقع پر قائد مسلم لیگ نواز ( ن ) اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے مریم نواز کو ایون فیلڈ سے الوادع کیا۔ مریم نواز کی پرواز براستہ دبئی ہفتہ کی سہ پہر 3 بجے پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچے گی، جب کہ پارٹی قیادت اور کارکنان لاہور ایئرپورٹ پر چیف آرگنائزر کا شاندار استقبال کریں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ ( ن ) کی رہنماء مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں پارٹی کی سینیر نائب صدر کی لندن سے روانگی اور پاکستان پہنچنے کے شیڈول سے آگاہ کیا۔ مریم اورنگزیب نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ’‘ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز لندن سے روانہ ہوگئی ہیں ’‘ ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ’‘ مریم نواز صاحبہ 28 جنوری، ہفتے کی سہ پہر 3 بجکر 5 منٹ پر لاہور پہنچیں گی ، انشاءاللہ ’‘۔ https://twitter.com/Marriyum_A/status/1618703262441672706?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1618703262441672706%7Ctwgr%5E89a764d532af6e55cd8d4c345f179a5368467ba7%7Ctwcon%5Es1_&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.samaa.tv%2Fnews%2F40014941 دھند کی لہر کے باعث مریم نواز کی وطن واپسی کے شیڈول میں تبدیلی کرنا پڑی۔ وہ اب 28 جنوری کو غیرملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے چھ سوبائیس کے ذریعے دبئی سے لاہور پہنچیں گی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مریم نواز تقریبا ساڑھے تین ماہ کے بعد وطن واپس پہنچ رہی ہیں۔ وہ گزشتہ سال چھ اکتوبرکو لندن روانہ ہوئی تھیں۔ مسلم لیگ ن کی سینیر نائب صدر مریم نواز اب چیف آرگنائزر کی حیثیت سے انتخابی مہم میں پیش پیش رہنے کے ساتھ پارٹی کو بھی منظم کریں گی۔ مریم نواز کی وطن واپسی کیلئے ن لیگ نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، ہر ایم پی اے اور ایم این اے ایک ہزار کارکنان کو لے کر ائیر پورٹ پہنچے گا۔ مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر شہر کو استقبالیہ بینرز اور پوسٹرز سے سجانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وطن واپسی پر مریم نواز لاہور ایئرپورٹ پر کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کریں گی۔ انہیں ریلی کی صورت میں ایئرپورٹ سے جاتی امرا رائیونڈ لے جایا جائے گا، جب کہ راستے میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دو بار مریم نواز کی پاکستان واپسی کا شیڈول تبدیل کیا گیا۔ قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ مریم نواز شریف 22 جنوری کو پاکستان پہنچیں گی اور نچلی سطح تک پارٹی کو متحرک کرنے کے لئے ذمہ داران کو ٹاسک تفویض کریں گی۔