نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کمیشن کے تعاون سے چار پروفیشنل کورسز کرائے جائیں گے پروگرام میں شرکت کرنے والے نوجوانوں سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی،ترجمان یونیورسٹی کراچی: وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہنر مند نوجوانوں تیار کرنے کے لئے شروع کیا جانے والا پروگرام کامیاب جوان محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی میں بھی شروع کردیا گیا ہے ۔ یونیورسٹی کے ایک ترجمان کے مطابق نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کمیشن کے تعاون سے چھ ماہ کی مدت کے چار پروفیشنل کورسز مصنوعی ذہانت، ویب گرافک موبائل ایپلی کیشن، پی سی بی فیبری کیشن اور سائبر سیکیورٹی مکمل کرائے جائیں گے جن کے لئے ڈیڑھ سوسے زائد نوجوانوں کی انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور اس پروگرام میں شرکت کرنے والے نوجوانوں سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔واضح رہے کہ یونیورسٹی میں یہ پروگرام ایگزیکٹوز کے سیکھنے ،ترقی اور تنوع کے مرکز(سی ایل ڈی ڈی) کی زیرنگرانی منعقد کیا جارہا ہے ۔دریں اثنا محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے ملک کے نوجوانوں کی ترقی اور ان کی فلاح کے لئے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر شروع کئے جانے والے کامیاب پروگرام کے محمد علی جناح یونیورسٹی میں آغاز پر اپنی دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری یونیورسٹی کا یہ مشن ہے کہ ایک اخلاقی ماحول میں فضیلت کے حصول کے ذریعے ہر طرح طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرنے کے لئے ضروری دانشورانہ اور ٹیکنولوجیکل ٹولز کی فراہمی کے لئے پر عزم رہا جائے۔