علاقہ نشیئوں کا مرکز بن گیا، مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ، چوریاں بھی عام فیصل آباد: محلہ احمد آباد میں میڈیکل سٹورز پر نشہ آور ٹیکوں کی فروخت سے علاقہ نشئیوں کا مرکز بن گیا، علاقہ مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ، محکمہ صحت کی ٹیموں کو مبینہ طور پر منتھلی ملنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ بٹالہ کالونی کے علاقے محلہ احمد آباد میں گندا نالہ کے قریب واقع النور میڈیکل سٹور سمیت دیگر متعدد قریبی میڈیکل سٹورز پر سرعام نشہ آور ٹیکوں کی خریدو فروخت کی جاتی ہے جہاں پر شہر بھر سے نشئی ٹولیوں کی صورت میں آکر نشہ آور ٹیکے خرید کر خود کو نشے کے ٹیکے لگاتے اور خالی پلاٹوں میں اوندھے پڑے رہتے ہیں جبکہ یہ لوگوں کی قیمتی اشیا چوری کرکے فروخت کرتے ہیں ،اہل محلہ کے مطابق مذکورہ میڈیکل سٹور مالکان کاشف وغیرہ کی جانب سے محکمہ صحت کے عملے کو مبینہ طور پر منتھلی دی جاتی ہے جس کی وجہ سے یہاں محکمہ صحت کی ٹیمیں کارر وائی سے گریزاں ہیں۔ اہل محلہ نے ڈپٹی کمشنر محمد علی ، چیف ایگزیکٹو افسر محکمہ صحت اورپنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور اس میڈیکل سٹور کو بند کرواتے ہوئے نشہ آور ٹیکے فروخت کرنے والوں کو گرفتار کرکے سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور علاقے کو نشئیوں سے پاک کروایا جائے ۔