اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مارچ تک مہنگائی اور معاشی حالات سے متعلق اچھی خبریں ملیں گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس ہوا ، وزیراعظم نےکابینہ اجلاس میں بعض موضوعات پر اظہار خیال بھی کیا ، کابینہ اجلاس میں مریم نواز کی آڈیو لیک پر بھی گفتگو ہوئی ، کابینہ ارکان کو مشیر داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نےمریم نواز کی آڈیو لیک کے بارے میں آگاہ کیا، وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں آڈیو لیک پر زیادہ بات چیت کرنے سے گریز کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مریم نواز کی نئی آڈیو کے معاملے پر عدم دلچسپی کا۔اظہار کیا، وزیر اعظم نے صرف اتنی بات کی کہ ان کی تو دباؤڈال کر من پسند فیصلے لینے کی روایت رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس میں مارچ کے مہینے کا ذکر بھی کیا ، وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارچ میں اچھی خبریں ملیں گی، مارچ کے بعد صورتحال میں ٹھہراؤہو گا اور سکون بھی ہوگا، مارچ تک مہنگائی اور معاشی حالات سے متعلق اچھی خبریں ملیں گی، مارچ کے بعد حالات نارمل ہونا شروع ہوں گے۔