لاہور میں روٹی مہنگی، راولپنڈی میں 28 اکتوبر کو تندور بند رکھنے کا اعلان
شائع شدہ تاریخ 24 اکتوبر, 2025
صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فائن آٹے کی بوری کی قیمت میں 4500 روپے سے 5000 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے اس لیے نان اور خمیری روٹی کی قیمت 30 روپےمقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان نانبائی ایسوسی ایشن نے 28 اکتوبر کو شٹر ڈاؤن کی کال دے دی۔
نانبائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 25 سے زائد نانبائیوں کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا، انتظامیہ طاقت کے زور پر روٹی مہنگی نہیں کرنے دے رہی۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دو ماہ میں آٹا، میدہ اور فائن آٹے کی قیمت ڈبل ہو گئی ہے، مل مالکان آٹا مہنگا دیں گے تو روٹی کیسے سستی ہو سکتی ہے، حکومت نانبائیوں کو کوئی سبسڈی نہیں دے رہی، انتظامیہ کے رویے کے خلاف 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں تمام تندور بند رکھیں گے۔
نانبائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے آٹا مہنگا کرنے والوں سے کوئی نہیں پوچھ رہا، پوری فورس نانبائیوں کے پیچھے لگائی گئی ہے، تندور سیل کیے جارہے ہیں اور لوگوں کا روزگار بند کیا جا رہا ہے، آٹا مہنگا ملے گا تو روٹی بھی مہنگی کریں گے۔