لاہورہائی کورٹ نے شہر کے مئیرکو تجاوزات ختم کرنے کے لیے بلاتفریق آپریشن کرنے اورڈپٹی کمشنر کو پولی تھین بیگز استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ لاہورہائیکورٹ نے اسموگ کی روک تھام کے حوالے سے عبوری تحریری حکم جاری کردیا ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے شیراز ذکا سمیت دیگر کی درخواستوں پر 7 صفحات پر مشتمل عبوری تحریری حکم جاری کیا تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ مئیرلاہور شہر سے تجاوزات ختم کرنے کے لیے بلاتفریق آپریشن کریں اور ڈپٹی کمشنر پولی تھین بیگز استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائی کریں۔تحریری حکم میں عدالت نےمئیرلاہور، ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر کوعمل درآمد رپورٹ یکم دسمبرتک جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ تحریری حکم میں درج ہے کہ عدالت کو بتایا گیا کہ ایل ڈی اے اور ایم سی ایل نے فوکل پرسن مقرر کردیے۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے کے آفس میں مختلف محکموں کے فوکل پرسن کی میٹنگ ہوئی ہے اور ایل ڈی اے نے یقین دہانی کروائی ہے کہ یہ میٹنگ مستقل بنیادوں پر ہوتی رہے گی۔ لاہور ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے سی ٹی او کے نمائندہ کے طور ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کی رپورٹ جمع کرائی ہے اور مئیرلاہور نے تجاوزات ختم کرانے کے حوالے فنڈز کی کمی پر تحفظات کا اظہار کیا،ایم سی ایل کو اگر فنڈز کی کمی ہو عدالت میں درخواست دائر کرے۔ تحریری حکم میں مزید بتایا گیا ہےکہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے اسکولز اور دفاتر کی بندش کے حوالے سے نوٹیفکیشن پیش کیا اور حکومت کے جاری نوٹیفکیشن پر من وعن عمل کرایا جائے۔ اس کےعلاوہ تحریری حکم میں درج ہے کہ ایل ڈی اے اور دیگر نے بتایا کہ تجاوزات کے کیسز سننے اور جرمانے کرنے کے لیے پارٹ ٹائم مجسٹریٹ میسر ہیں۔اس سلسلے میں سیشن جج لاہورتجاوزات کے کیسز سننے کے لیےمستقل مجسٹریٹ مقررکریں۔