دونوں پرایک لاکھ 25ہزار روپے جرمانہ،نواب شاہ میں ڈی سی کی زیر صدارت اجلاسغیرقانونی میڈیکل اسٹورز و پٹرول پمپس اور گراں فروشوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت لاڑکانہ،نواب شاہ: ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی عائشہ جونیجو کی سربراہی میں ٹیم نے شہر کے اسٹیشن روڈ پر قائم ماشااللہ سندھڑی اور اولڈ سبحان اللہ ہوٹل پرچھاپہ مارکر صفائی ستھرائی کے نامناسب انتظامات اور کھانوں کی تیاری میں غیر معیاری اشیا کے استعمال پر دونوں ہوٹلوں کو سیل کرکے مجموعی طور پر ایک لاکھ پچیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ اسی علاقے میں قائم نادر ہوٹل پر چھاپہ مارکر 30ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، دوسری جانب ٹیم نے شہر کے چانڈکا پل پر قائم بیکری پر چھاپہ مارکر صفائی کے بہتر انتظامات نہ ہونے پر 50ہزار روپے جرمانے عائد کیا جو رقم مالک نے فوری سرکاری خزانے میں جمع کروا دی، اس موقع پر ٹیم نے ہوٹل اوربیکری مالکان کو ہدایت کی کہ کھانے پینے کے اشیا میں حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کیا جائے ۔ نواب شاہ سے نمائندے کے مطابق ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد ابرراحمد جعفر کی زیر صدارت ایک اجلاس ان کے دفتر میں منعقدہ ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو اشیائے خورونوش کی مناسب قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ افسران کوششیں تیز کریں جبکہ غیرمعیاری دودھ ودیگر کھانے پینے کی اشیا میں ملاوٹ کے علاوہ زرعی کھاد ،ادویات اور بیج ، میڈیکل اسٹورز پر غیر معیاری و زائد المیعاد ادویات کی فروخت کی روک تھام اور بغیر لائسنس چلنے والے میڈیکل اسٹوروں وپٹرول پمپس کیخلاف بھی تمام اسسٹنٹ کمشنرز و متعلقہ محکموں کے افسران کارروائیاں کرکے ہفتہ وار رپورٹ پیش کریں ۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ انسپکٹر کو ہدایات دیں کہ غیرقانونی میڈیکل اسٹوروں وادویات کیخلاف کارروائی تیز کریں۔