اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں قومی قیادت نے افعان عوام کی حمایت جاری رکھنے پراتفاق کیا شرکاء نے خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے افغانستان میں امن کو ناگزیر قراردیا۔ اعلامیے کےمطابق چیئرمین سینیٹ،دونوں ایوانوں میں اپوزیشن لیڈرز، وفاقی وزراء آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں اعلی عسکری حکام نے خارجی محاذ ، داخلی سلامتی، اندرونی و بیرونی چیلنجز، خطے میں ہونے والی تبدیلیوں خصوصاً تنازعہ کشمیر اور افغانستان کی تازہ صورتحال پر جامع بریفنگ دی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں مخلصانہ،مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے پوری کوشش کی ہے کہ موجودہ حالات افغانستان میں کسی اور انسانی و معاشی بحران کو جنم نہ دیں اور اس حوالے سے پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہے۔ اجلاس میں طے پایا کہ پاکستان افغان عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور افغانستان میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی نے پریزنٹیشن دی اور آرمی چیف نے اجلاس میں سوالات کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حکومتی مؤقف کو پیش کرنے کی کوشش کی کہ افغانستان پر ہمارا نقطہ نظر یہ ہے جبکہ لیڈر آف دی اپوزیشن نے اپنا نقطہ نظر بیان کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ہم یہی چاہتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی صورتحال پر یہ تیسرا اجلاس تھا مزید مشاورت کی جب بھی ضرورت محسوس ہوئی تو قومی قیادت مل بیٹھے گی۔