پیدائشی قوت سماعت اور قوت گویائی سے محرومی کا علاج ممکن ،ڈاکٹر حبیب بٹر فیصل آباد: دنیا بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی قوت سماعت سے محرومی کا عالمی دن منایا گیا ۔ اس سلسلے میں عوامی آگاہی کیلئے چلڈرن ہسپتال میں واک کا اہتمام کیا گیا جس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب بٹر سمیت نرسوں اور ڈاکٹروں نے شرکت کی ، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ، اس موقع پر ڈاکٹرحبیب بٹر کا کہنا تھا پیدائشی قوت سماعت اور قوت گویائی سے محرومی کا علاج ممکن ہے ، چلڈرن ہسپتال میں پی ٹی اے اور اے آر بی ٹیسٹوں کی مدد سے خصوصی بچوں کا کامیاب علاج کیا جارہا ہے ۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جدید سائنسی دور میں پیدائشی قوت سماعت سے محرومی قابل علاج مرض ہے ، چلڈرن ہسپتال میں ایک سال کے دوران 500 سے زائد بچوں کا کامیاب علاج کیا گیا ہے جو مستقبل میں معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں گے ۔