بیجنگ: چین کے شہر ووہان میں 17 دن کی بچی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے باوجود بغیر علاج کے صحت یاب ہوگئی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس سے متاثر نوزائیدہ بچی چین میں اب تک کی سب سے کم عمر مریض ہے جو وائرس سے بچ گئی ہے۔چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق وہ دواؤں کی مدد کے بغیر اپنے آپ سے مکمل صحت یاب ہونے کے بعد جمعہ کے روز اسپتال سے گھر منتقل ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق بچی کی جب پیدائش ہوئی تو اسے ووہان اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ اسپتال کے شعبہ نیوناتولوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زینگ نے بتایا کہ بچی جسے ژاؤ ژاؤ کے نام سے جانا جاتا ہے، اسے اپنے تنفس کے نظام میں انفیکشن کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ڈاکٹر کے مطابق چونکہ بچی کی علامات واضح نہیں تھیں، اسی لیے اسے اینٹی بائیوٹک ادویات نہ دینے کا فیصلہ کیا اور اسے خود ہی اس مرض پر قابو پانے کے لیے چھوڑا گیا تھا۔ ڈاکٹر زینگ کا کہنا ہے کہ بچی کو سانس لینے میں واضح مشکلات نہیں آئیں، کھانسی نہیں ہوئی تھی اور بخار نہیں تھا لہٰذا ہم نے اسے صرف اس کی تندرستی حالت کا علاج کرایا۔واضح رہے کہ چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2400 سے زائد ہو گئی ہے، جب کہ 77 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، جنوبی کوریا میں بھی وائرس بے قابو ہو گیا ہے، جہاں 5 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، برطانیہ میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے۔