فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا۔ پیرس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی پلینری کا اجلاس ختم ہوگیا، فیٹف نے پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا۔ پاکستانی وفد نے وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کی قیادت میں اجلاس میں شرکت کی۔ ایف اے ٹی ایف اعلامیے کے مطابق پاکستان اب فیٹف کی سخت نگرانی کے عمل کے تابع نہیں رہا، پاکستان منی لانڈرنگ اور ٹیررفنانسنگ کیخلاف مزید کام کرتا رہے گا۔ پاکستان نے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کیخلاف مؤثر پیشرفت کی، 2018ء اور 2021ء کے ایکشن پلان پر عمل کیا، پاکستان نے مجموعی طور پر 34 نکات پر ڈیڈ لائن سے پہلے عمل درآمد کیا۔ صدر ایف اے ٹی ایف کی پریس کانفرنس ایف اے ٹی ایف کے صدر راجہ کمار نے پریس کانفرنس میں پاکستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان 2018 سے گرے لسٹ میں تھا، پاکستان نے بہترین کارکردگی دکھائی، پاکستان نے منی لانڈرنگ کیلئے بہترین قوانین بنائے، پاکستان نے اصلاحات پر بروقت عملدرآمد کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے دو دن اجلاس کیا، ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں 39 رکن ممالک شریک ہوئے، پاکستان نے دہشت گردوں تک فنڈز کی رسائی کی بہترین روک تھام کی، پاکستان اب مزید مانیٹرنگ کیلئے گرے لسٹ میں نہیں رہے گا۔ فیٹف ٹیم کا دورۂ پاکستان ستمبر میں دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ فیٹف کی تکنیکی ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ مکمل کیا، جس میں ان کی متعلقہ ایجنسیوں سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، ہمارے نقطۂ نظر سے یہ ایک ہموار اور کامیاب دورہ تھا۔ دفتر خارجہ کے مطابق فیٹف ٹیم کے ساتھ ملاقاتیں تعمیری، مثبت ماحول میں ہوئیں، پاکستان جاری جائزہ طریقۂ کار کے جلد منطقی انجام کا منتظر ہے۔ پاکستان کو کب گرے لسٹ میں شامل کیا گیا؟ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے جون 2018ء میں پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا تھا اور 2019ء کے آخر تک منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت سے متعلق 27 نکاتی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے کہا تھا۔ بعد ازاں ان 27 نکاتی پلان کے بعد پاکستان کو ایک اور پلان بھی دیا گیا تھا جن میں 7 نکات پر پاکستان نے عملدرآمد کرنا ہے۔ وزیراعظم کا اظہار تشکر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کا نام فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اللّٰہ کا شکر ہے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی‘‘۔ https://twitter.com/CMShehbaz/status/1583477417750204416?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1583477417750204416%7Ctwgr%5E80d10bee89c03d92010d08c0cab052d471356f34%7Ctwcon%5Es1_&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.samaa.tv%2Fnews%2F40009563 ان کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔ وزیر خارجہ کا ردعمل وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نام باضابطہ طور پر گرے لسٹ سے نکل گیا ہے، ’’پاکستان زندہ باد‘‘۔ https://twitter.com/BBhuttoZardari/status/1583474372941348866?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1583474372941348866%7Ctwgr%5E80d10bee89c03d92010d08c0cab052d471356f34%7Ctwcon%5Es1_&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.samaa.tv%2Fnews%2F40009563 بھارت کی جانب سے پاکستان کا نام گرے سے نکلنے سے روکنے کیلئے مسلسل پروپیگینڈا کیا جاتا رہا ہے۔ گزشتہ روز بھی دفتر خارجہ نے بھارتی مہم کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی میڈیا کا بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈا نئی بات نہیں، فیٹف اور عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کی کاوشوں کو بارہا سراہا گیا ہے۔