فیصل آباد میں خاتون کے ساتھ چھیڑخانی اور نازیبا حرکات کرنے والے 3 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا جبکہ تھانے کے ایس ایچ او کو بھی معطل کردیا گیا۔ محمد وسیم نامی شہری کے مطابق دو روز قبل رات ڈیڑھ بجے اپنے کزن کے ساتھ شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس گھر آرہے تھے کہ 3 پولیس اہلکاروں نے انہیں روکا اور گاڑی کی تلاشی لی بعدازاں انہیں تھانہ منصورہ آباد کے باہر لے آئے، اس دوران پولیس اہلکاروں نے لڑکے کو باہر نکال لیا اور ایک اہلکار آصف دو گھنٹے تک گاڑی میں بیٹھ کر لڑکی کو چھیڑتا اور اس کے ساتھ نازیبا حرکات کرتا رہا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق پولیس اہلکاروں نے 2گھنٹے بعد انہیں دھمکیاں دینے کے بعد چھوڑ دیا۔ گزشتہ روز واقعہ کی انکوائری کے بعد تینوں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے محمد وسیم نامی شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ ایس ایچ او تھانہ منصورہ آباد کو معطل کردیا گیا ہے۔