عید قربان کی آمد آمد ہے اور پورے ملک میں مویشی منڈیاں آباد ہوچکی ہیں، جہاں نہایت خوبصورت جانور فروخت کے لئے پیش کئے جارہے ہیں۔ فیصل آباد کے سمندری روڈ پر واقع نیا موانہ مویشی منڈی میں پورے ملک سے ہزاروں کی تعداد میں قربانی کے جانور فروخت کے لئے لائے گئے ہیں، تاہم جھنگ سے لائے گئے بیلوں کی جوڑی توجہ کا مرکزبنی ہوئی ہے۔ یلوں کی اس جوڑی کو بادشاہ اور وائٹ گولڈ کا نام دیا گیا ہے، سفید رنگت کے بیلوں کی جوڑی کو دیکھنے کے لیے دور دراز سے لوگ آ رہے ہیں اور اسے اللہ کا کرشمہ قرار دے رہے ہیں۔ بیلوں کے مالک نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ان دونوں بیلوں کو ناز ونخرے سے پالا ہے، دونوں بیلوں کو روزانہ چار کلو دودھ دیا جاتا ہے جبکہ ایک بیل تقریبا چھ کلو “ونڈہ” کھاتا ہے، ان کی روزمرہ خوراک میں پستے، بادام اور دیسی گھی بھی شامل ہے۔ بیلوں کے مالک کا کہنا ہے کہ ایک بیل کا وزن کم وبیش 28 من ہے، جوڑی کی قیمت 20 لاکھ روپے ہے۔ ونڈہ کون سے خوراک ہے؟ جانوروں کو فربہ کرنے کے لئے وٹامنز اور منرلز پر مشتمل خوراک دی جاتی ہے، جس کے نتیجے میں جانور کا وزن تیزی سے بڑھتا ہے، ان وٹامنز اور منرلز میںپروٹین، میگنیشیم، پوٹاشیم، کیلشیم، کاربن ، آئرن، سوڈیم، شوگر،فائبر، وٹامن اے، بی اور سی، شامل ہے۔ پنجاب میں اکثر بیوپاری اپنے جانوروں کا ونڈہ خود بناتے ہیں۔