تازہ ترین

فیصل آباد میں بجلی کا بل زیادہ آنے پر جھگڑا، بیٹے نے ماں کو قتل کر دیا

فیصل-آباد-میں-بجلی-کا-بل-زیادہ-آنے-پر-جھگڑا،-بیٹے-نے-ماں-کو-قتل-کر-دیا

 فیصل آباد میں بجلی کا بل زیادہ آنے سے گھر میں جھگڑا ہونے پر بیٹے نے مشتعل ہو کر والدہ کو قتل اور باپ کو شدیدزخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹھیکریوالا کے علاقہ چک نمبر67 ج ب میں 56 سالہ سرور کے گھر کا بجلی کا بل زیادہ آیا، تو اس کی بائیس سالہ بیٹے مجاہد کے ساتھ تلخ کلامی ہو گئی۔ جس پر مجاہد نے مشتعل ہو کر فائرنگ کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے پر 55 سالہ صفیہ کو اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ جبکہ سرور کو زخمی حالت میں الائیڈ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔ والدہ کو قتل اور والد کو زخمی کرنے والا 22 سالہ سفاک بیٹا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ ملزم کی تلاش کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے عام آدمی کو کافی مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پٹرولیم مصنوعات ، بجلی ، گیس اور دیگر اشیائے ضروریات کی قیمتوں میں آئے دن ہونے والے اضافے نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے یہی وجہ ہے کہ بجلی گیس کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے بلوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دیگر اشیائے ضروریات بھی مہنگی ہو گئی ہیں جن میں سے کچھ اشیا تو عام آدمی کی پہنچ سے بھی دور ہو گئی ہیں۔عوام نے موجودہ حکومت کو اس معاملے پر تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے غریب عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی اقدام نہ کیا تو اس صورت میں غریب آدمی مشتعل ہو کر کوئی قدم بھی اُٹھانے پر مجبور ہو سکتا ہے لہٰذا حکومت کو چاہئیے کہ ملک میں غریب عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ ان کی مشکلات میں کمی ہو سکے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں