لاہور: فیصل آباد میں کمرے میں کوئلے جلا کر سونے والے 3 افراد دم گھٹنے کے باعث جاں بحق جبکہ 1 شخص بے ہوش ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ فیصل آباد کے علاقے ناصر ٹاؤن کے رہائشی علاقے میں پیش آیا۔ جاں بحق افراد کمرے میں کوئلوں کی آگ جلا کر سوگئے، کمرے میں دھواں پھیلنے کے باعث 4 افراد کا دم گھٹ گیا۔ بے ہوش ہونے والے شہری کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔جاں بحق شہری سردی سے بچنے کیلئے آگ جلا کر سوئے تھے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور 3 افراد کی میتیں ہسپتال منتقل کی گئیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل کوئٹہ کے سبزل روڈ پر دستی بم کے دھماکے میں کم از کم چار افراد زخمی ہوگئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بم حملے کی شدید مذمت کی اور صوبائی پولیس چیف کو شہر میں حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے کی ہدایات دیں۔ محکمہ صحت بلوچستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر وسیم بیگ نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ واقعے میں چار افراد زخمی ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک تھی۔