تازہ ترین

فٹنس ٹیسٹ سے قبل ہی قومی سٹار بیماریوں کا شکار

فٹنس-ٹیسٹ-سے-قبل-ہی-قومی-سٹار-بیماریوں-کا-شکار

این سی اے میں پلیئرز کی رفتار،برداشت اور مضبوطی کی مانیٹرنگ کا آغاز،پہلے دن سنٹر ل کنٹریکٹ یافتہ 10پلیئرز کی حاضری، شنواری ٹائیفائیڈ کے باعث غیر حاضر ٹیسٹ کپتان اظہرعلی،اسد شفیق اور محمد رضوان وائرل انفیکشن میں مبتلا،کیمپ میں واپسی کا تعین نہ ہو سکا،حسن اور فخر کی انجریز سے مکمل صحت یابی کا انتظار،ذرائع لاہور: سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کے فٹنس ٹیسٹ سے قبل بیماریوں نے ڈیرے ڈال لئے اور پہلے روز صرف دس کھلاڑی حاضر ہو سکے ،نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پلیئرز کی رفتار،برداشت اور مضبوطی کی مانیٹرنگ کا آغاز ہو گیا،مزید دو دن آزمائش کا مرحلہ جاری رہے گا،ذرائع کے مطابق عثمان شنواری ٹائیفائیڈ کے باعث غیر حاضررہے ،ٹیسٹ کپتان اظہرعلی،اسد شفیق اور محمد رضوان وائرل انفیکشن میں مبتلا ہیں جن کی کیمپ میں واپسی کا تعین نہیں ہو سکا،حسن علی اور فخر زمان کی انجریز سے مکمل صحتیابی کا انتظار کیا جا رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا آغاز ہوگیا جہاں سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ یاسر ملک نے کھلاڑیوں کی رفتار،برداشت اور مضبوطی کی مانیٹرنگ کی جانچ شروع کردی لیکن بدقسمتی سے فٹنس کیمپ میں باقاعدہ آغاز سے قبل بیماریوں نے ڈیرے ڈال لئے اور پہلے روز محض دس کھلاڑی اپنی شرکت کو ممکن بنا سکے ۔ ذرائع کے مطابق فاسٹ باؤلر عثمان شنواری ٹیسٹ کیلئے نہیں پہنچ سکے جو سری لنکا کیخلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ سے پہلے ٹائیفائیڈ میں مبتلا ہو گئے تھے اور ابھی تک وہ صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ٹیسٹ کپتان اظہرعلی،مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق اور وکٹ کیپر محمد رضوان بھی وائرل انفیکشن سے نجات کی کوششوں میں مصروف ہیں اور تاحال اس بات کا تعین نہیں کیا جا سکا کہ وہ کیمپ میں کب واپس آئیں گے اور ان کے ٹیسٹ کب ہوں گے ۔ دوسری جانب فاسٹ باؤلر حسن علی اور اوپننگ بیٹسمین فخر زمان بھی پی سی بی میڈیکل سٹاف کی جانب سے کلیئرنس کے منتظر ہیں کیونکہ نومبر دو ہزار انیس سے حسن علی اپنی فریکچر زدہ پسلیوں کی دیکھ بھال کر رہے ہیں جبکہ فخر زمان کمر کی تکلیف سے دوچار ہیں جن کی مکمل صحتیابی کا انتظار کیا جا رہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں حسن علی کا بحالی پروگرام بارہ جنوری تک جاری رہے گا جس کی تکمیل پر ان کا سکین کرایا جائے گا اور پھر ان کی واپسی کا تعین کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فٹنس کے کم از کم مقررہ معیار کے حصول میں ناکام رہنے والے کھلاڑیوں کی ماہانہ تنخواہ سے پندرہ فیصد بطور جرمانہ منہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جب تک وہ فٹنس کا مطلوبہ معیار حاصل نہیں کرتے ان کی تنخواہوں سے کٹوتی کا سلسلہ جاری رہے گا۔واضح رہے کہ لیگ سپنر شاداب خان،فاسٹ باؤلرز وہاب ریاض اور محمد عامر کے فٹنس ٹیسٹ 20اور 21جنوری کو ری شیڈول کئے گئے ہیں کیونکہ وہ بی پی ایل کھیل رہے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں