وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں مستحکم پارلیمانی نظام کے قیام کی ضرورت ہے اور اگر ایسا نہ ہوا تو ضمیر فورشوں کی یہ منڈیاں ایسے ہی چلتی رہیں گی۔ سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتےہوئےوفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ اسلام آبادمیں اتوار کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع تھا اور ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ عدم اعتماد پر ووٹ ڈالنے والوں کو 10 لاکھ لوگوں سے گزر کر جانا پڑے گا تاہم اب کہتا ہوں کہ22 کروڑ لوگوں کے اوپر سے گزر کر جانا پڑے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازش لندن میں بیٹھا ایک شخص کر رہا ہے اور مولانا فضل الرحکام،آصف زرداری اور نوازشریف بھی پاکستان کے خلاف کام کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جیسے جیسے وقت گزرتا جائے گا،سب چیزیں سامنے آتی جائیں گی اورعمران خان انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کے مہروں کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں۔ وفاقی وزیرنے زور دیا کہ پاکستان میں مستحکم پارلیمانی نظام کے قیام کی ضرورت ہے اور اگر ایسا نہ ہوا تو یہ منڈیاں ایسے ہی چلتی رہیں گی،سندھ ہاؤس میں ضمیروں کو خریدنے کی منڈی لگی ہوئی ہے اور امید ہے کہ سپریم کورٹ بکنے والے اراکین کو نا اہل کرنے کے حوالے سے فیصلہ دے گی۔ فواد چوہدری نےواضح کیا کہ اتحادی جماعت ق لیگ پی ٹی آئی کا بطورجماعت حصہ نہیں اور اپنے مفاد کا فیصلہ کرنا ان کا حق ہے،شاہ محمود قریشی (ق) لیگ کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے گئے تھے اور وہ ہی اس حوالے سے وزیراعظم کو رپورٹ دیں گے۔