فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر / ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد علی نے کہا ہے کہ غیر قانونی ہائوسنگ کالونیز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے سلسلے میں کسی قسم کی مزاحمت یا قانون شکنی کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایف ڈی اے کے سٹاف کو زد و کوب کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی سے گریز نہیں کریں گے اس سلسلے میں سرکاری کام میں مداخلت اور ملازمین کو زخمی کرنے پر ملت روڈ پر غیر قانونی ہائوسنگ کالونی ابراھیم وی آئی پی بلاک کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرادیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر / ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عامر عزیزنے کہا کہ تمام غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف جارحانہ اپریشن جاری رہے گا اس ضمن میں اثر و رسوخ یا دھونس کو خاطر میں نہیں لائیں گے اور مزاحمت کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نپٹا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق ملت روڈ پر غیر قانونی ہائوسنگ سکیم ابراھیم وی آئی پی بلاک کے خلاف قانونی کارروائی میں مزاحمت کرنے والے جن ملزمان کے خلاف تھانہ ملت ٹائون میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے ان میں محمد ارشد کمبوہ ڈویلپر سمیت مزید دس ملزمان شامل ہیں جنہوں نے پولیس کی کم نفری کا فائد اٹھا کر نہ صرف ایف ڈی اے سٹاف پر حملہ کرکے انہیں زخمی کیا بلکہ انہیں یرغمال بھی بنائے رکھا ۔مزید برآں ایف ڈی اے کی تین گاڑیوں سمیت میڈیا کی گاڑی کو بھی تباہ کر دیا۔ تاہم ڈی ایس پی کی سربراہی میں تھانہ ملت ٹائون کی مزید پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی اور تین ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا ۔ مزید کارروائی جاری ہے ۔