کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ غلط معاشی پالیسیوں کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب تک حکومت کی آئی ایم ایف کیساتھ ڈیل اسی طرح سے چلتی رہے گی اس وقت تک پاکستان کے عوام تکلیف میں ہوں گے اور ان کی غلط معاشی پالیسیوں کا بوجھ عوام مہنگائی کی صورت میں اٹھا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 10 دسمبر کو پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف ملک بھر میں اضلاع کی سطح پر احتجاج کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے کسی کو بھی لسانی سیاست نہیں کرنی چاہیے اور اس شہر اور صوبے کے عوام الطاف حسین کی سیاست کو رد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر ہم کراچی کو سنبھال سکتے ہیں، اگر ہم حق دلا سکتے ہیں، شہرقائد میں ترقی کرا سکتے ہیں تو ملک میں ترقی کرا سکتے ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی اور یہاں کے عوام کو حقوق کی فراہمی کے لیے ایک بااختیار لوکل گورنمنٹ سسٹم دینا پڑے گا اور ہماری خواہش یہی ہے کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم میں کراچی میں ہماری حکومت بنے اور وفاقی سطح پر بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت بنے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کا بلدیاتی نظام بہتر ہو رہا ہے، سندھ بھر میں نئے بلدیاتی نظام نے اپنی پہلی مدت مکمل کی اور ہم واحد صوبائی حکومت تھی جنہوں نے اپنے بلدیاتی نظام کی مدت مکمل کی۔