عیدالفطر کیلئے نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کا طریقہ کیا ہے؟ تفصیلات جاری
شائع شدہ تاریخ 09 مارچ, 2026
تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے پرمسرت موقع پر "عیدی” کی روایتی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے اور کڑک کرنسی نوٹوں کے حصول کا باقاعدہ طریقہ کار واضح کر دیا ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور اوپن مارکیٹ میں نوٹوں کی غیر قانونی فروخت اور اضافی چارجز کی روک تھام کرنا ہے۔
نئے نوٹ حاصل کرنے کا طریقہ
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق شہری درج ذیل مراحل کے ذریعے نئے نوٹوں کے بنڈل حاصل کر سکتے ہیں:
ایس ایم ایس رجسٹریشن
اپنے موبائل سے اپنا 13 ہندسی شناختی کارڈ نمبر لکھیں، ایک اسپیس دیں اور اپنی قریبی بینک برانچ کا کوڈ درج کر کے اسے 8877 پر ارسال کر دیں۔
تصدیقی کوڈ
جوابی ایس ایم ایس میں آپ کو ایک یونیک ٹرانزیکشن کوڈ اور بینک برانچ کا پتہ موصول ہوگا۔
وصولی
شہری اپنا اصل شناختی کارڈ اور فوٹو کاپی ہمراہ لے کر متعلقہ بینک برانچ سے رجوع کریں، جہاں تصدیق کے بعد مطلوبہ نوٹ فراہم کر دیے جائیں گے۔
مرکزی بینک نے سختی سے وضاحت کی ہے کہ سرکاری سطح پر اس سروس کے بدلے کوئی اضافی رقم یا فیس وصول نہیں کی جاتی۔
دوسری جانب سرکاری چینلز کے باوجود، کئی شہری سہولت کی خاطر یا بینکوں میں کوٹہ ختم ہونے کے باعث اوپن مارکیٹ کا رخ کرتے ہیں، جہاں منافع خور ان نوٹوں پر بھاری رقم وصول کر رہے ہیں۔
10 روپے کا بنڈل: 1,000 روپے مالیت کا بنڈل مارکیٹ میں 1,200 سے 1,300 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
50 روپے کا بنڈل: 5,000 روپے مالیت کا بنڈل 5,500 سے 6,000 روپے کے درمیان دستیاب ہے۔
پاکستان میں عید کے موقع پر 20 اور 50 روپے کے نئے اور کڑک نوٹوں کی طلب سب سے زیادہ ہوتی ہے، کیونکہ یہ بچوں کے لیے خوشی کا باعث بنتے ہیں جن سے وہ اپنی پسند کے کھلونے اور مٹھائیاں خریدتے ہیں۔