عوام کیلئے بڑا ریلیف، پیٹرول 55 روپے مہنگا کرنے کے بجائے حکومت کا اہم فیصلہ
شائع شدہ تاریخ 26 مارچ, 2026
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو روکنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کے لیے جاری مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں 100 ارب روپے کی کمی کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ مالیاتی خسارے کو کنٹرول کیا جا سکے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول 55 روپے اور ڈیزل 75 روپے فی لیٹرمہنگا نہ کرنے پر غور کیا جارہا ہے اور توقع ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا۔
رواں مالی سال کا ترقیاتی بجٹ 1000 ارب روپے سے کم کر کے 900 ارب روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے جبکہ وفاقی حکومت تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز میں 10 فیصد تک کٹوتی کرے گی تاکہ پیٹرولیم مصنوعات پر بوجھ کم کیا جا سکے۔
ترقیاتی منصوبوں سے بچائے گئے یہ 100 ارب روپے ایمرجنسی ریلیف اور عوامی فلاح و بہبود کے کاموں پر خرچ کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرول کو 55 روپے اور ڈیزل کو 75 روپے فی لیٹر تک مہنگا کرنے پر غور کر رہی تھی، تاہم اب اس تجویز کے بجائے بجٹ کٹوتی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
اس اقدام سے نہ صرف مہنگائی کی لہر کو روکنے میں مدد ملے گی بلکہ مالیاتی خسارہ بھی قابو میں رہے گا۔