لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت ترکی سے کراچی پہنچادی گئی۔ جیونیوز کے مطابق ترک ائیر لائن کی پرواز TK-708نے رات 12 بج کر 53 منٹ پر استنبول سے ٹیک آف کیا جو صبح 5 بجکر 33 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ پہنچی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر شریف کی بیوہ زرین غزل بھی میت کے ہمراہ کراچی پہنچی ہیں۔ کراچی پہنچنے کے بعد عمر شریف کی میت ائیر پورٹ کارگو ٹرمینل سے ان کے بیٹوں کے حوالے کردی گئی جس کےبعد میت کو کراچی کے ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیا ہے۔ عمر شریف کی میت لے جانے والی ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جب کہ میت کی سرد خانے روانگی کے دوران قافلے میں عزیز و اقارب، مداحوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا ہے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہےکہ عمر شریف کی نمازجنازہ سہ پہر تین بجے عمر شریف پارک میں ادا کی جائےگی اور ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائےگی۔ خیال رہےکہ عمر شریف ہفتہ دو اکتوبر کو جرمنی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ امریکا میں عمر شریف کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق جرمنی کے اسپتال میں ڈائیلیسز کے 4 گھنٹے بعد عمر شریف کی طبیعت اچانک بگڑی اور دل کا دورہ پڑا جس سے وہ انتقال کرگئے۔