وزیرآباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ ہوئی تاہم عمران خان محفوظ رہے۔ تفصیلات کے مطابق حقیقی آزادی مارچ کے وزیرآباد میں داخل ہوا تو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ ہوئی۔ فائرنگ کے بعد مارچ کے دوران بھگدڑ مچ گئی اور کینٹینر پر موجود رہنما بھی گھبرا گئے، فائرنگ کے وقت قافلہ ظفرعلی خان چوک کے قریب پہنچا تھا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد کنٹینر سے اعلان کیا گیا کہ عمران خان محفوظ ہیں اور عمران خان کو گاڑی کے ذریعے روانہ کر دیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، فائرنگ سے زخمی ہونیوالوں کو ایمبولینسز میں اسپتال منتقل کیاجارہاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنیوالے مبینہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔