عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کی درخواست مسترد
شائع شدہ تاریخ 12 مارچ, 2026
اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی نجی اسپتال منتقلی کی درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران جسٹس ارباب طاہر نے وکیل درخواست گزار سے کہا کہ ہم نے گوگل بھی کیا تھا، ڈاکٹر ندیم قریشی بہترین ریٹینا اسپیشلسٹ ہیں، آپ ان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرکے ٹیسٹ کرلیں ، ہم یہ نہیں کہیں گے کہ اتنے دن رکھیں، اتنا وقت رکھیں، یہ تسلیم شدہ ہے ایشو ہے اور علاج ہو رہا ہے۔
عدالت نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہیں گے کہ تین دن یا تین ماہ رکھیں، دیکھ لیں یہ ساری ذمہ داری آپ لے رہے ہیں، اگر کل کچھ ہو گیا تو کیا آپ ذمہ داری لیں گے ، اس پر ایڈووکیٹ جنرل ایاز شوکت نے کہا کہ ہم ذمہ داری لیں گے۔
عدالت نے عمران خان کی جیل سے نجی اسپتال منتقلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے استدعا مسترد کردی۔
عدالت نے چیف کمشنر کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا جس میں ڈاکٹر عارف اور ڈاکٹر ندیم قریشی کو بھی شامل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ میڈیکل بورڈ فیصلہ کرے گا کہ عمران خان کو اسپتال منتقل کرنا ہے یا نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیل رولز کے مطابق فیملی کو آگاہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکڑ ندیم قریشی فیملی کے ساتھ رابطے میں رہیں۔