صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بہت ضدی وزیراعظم ہیں۔ ایوان صدر میں اقلیتوں کے حوالے سے منعقد کی جانے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکتکا کہنا تھا کہ عمران خان ضدی وزیراعظم ہیں، ریاست مدینہ کا وژن پورا کرکے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ ایک بڑا وژن ہے، ریاست مدینہ کے آئیڈیاز کو ملک میں نافذ کریں گے۔نئے پاکستان کے لیے ریاست مدینہ اور اسلام کو بنیاد بنایا گیا ہے۔صدر ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو اقلیتیوں کے لیے محفوظ بنانا چاہتے ہیں، ملک ہر اعتبار سے اوپر جائے گا، ہم سب پاکستانی ہیں اور پاکستانی ہی رہیں گے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور ریاست مدینہ کی اہمیت پر زور دیا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم عدالتوں میں یہ نہیں کہتے کہ وہ بے قصورہیں۔ حضرت علیؓ اور حضرت عمرؓ کے دور میں خلیفہ وقت بھی قانون کے نیچے تھا۔ سب کے لیے قانون برابر تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقلیتیوں کو مکمل تحفظ دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست مسلمانوں کے لیے رول ماڈل ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ملک میں لوگ سمجھیں کہ مدینہ کی ریاست کیا تھی، مدینہ کی ریاست ایک جدید ریاست تھی۔جو نبی کریم ﷺ نے بنائی تھی، قرآن کریم میں بھی ذکر ہے نبیﷺ کی زندگی پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہندو، مسیحی، سکھ سمیت دیگر اقلیت رہنما جب کہتے ہیں پاکستان ہمارا ملک ہے، تو ملک مضبوط ہوتا ہے ۔ مجھے کوئی اندازہ نہیں تھا کہ کرتار پور ان کا مدینہ جبکہ ننکانہ ان کا مکہ تھا۔ گورو نانک کی 550 ویں برسی پر سکھ کمیونٹی کو سہولتیں دیں گے۔ ہندو، مسیحی، کیلاش کمیونٹی سمیت دیگر اقلیتیوں کو کہنا چاہتا ہوں ہم نبی ؐ کی سنت پر عمل کریں گے، سب کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے۔ سب کی عبادت گاہوں کو مکمل تحفظ دیں گے۔