اسلام آباد : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان ریاستی نواب یا بادشاہ نہیں ،آپ کا بھی احتساب ہوگا، آپ کو لندن جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نا ئب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا کہ آج نیب نے تیسرا پراسیکیوٹر تبدیل کیا اور چار ہفتوں کی مہلت مانگی ہے، اگر نیب کے پاس ثبوت ہوتے، ججز نے بار بار ثبوت مانگے، پہلے نیب کو کورونا ہو گیا اب پراسیکیوٹر تبدیل کرنے کے بہانے چار ہفتے مانگ لیے ہیں ، اگر مقدمہ انتقام اور بدنیتی پر نہ ہوتا تو ثبوت عدالت میں پیش کرتے۔ عدالت سے بھی درخواست ہے کہ تاخیر سے انصاف بھی ناانصافی ہے، نیب کو اتنی ڈھیل نہیں دینی چاہیے، اگر ثبوت نہیں تو انصاف ہونے دیں۔ مریم نوازنے کہا کہ عمران خان کی حالت دیکھتی ہوں تو مجھے پرویز مشرف کادور یاد آتاہے، جب مشرف کو سمجھ آ گئی تھی کہ اقتدار ختم ہونے والا ہے تو ججز کو بچوں سمیت گھروں میں قید کر دیا تھا، عمران خان نے گزشتہ روزشہری کےخلاف ریاستی ادارے کو استعمال کیا، وہ اپنی غلطیاں نہیں دیکھتے، آپ کیا کوئی آسمان سے اتری مخلوق ہیں جن پر تنقید نہیں کیا جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے تین چار سال صرف انتقام پر توجہ مرکوز رکھی، عمران خان سے سوال دنیا اور آخرت میں بھی ہوگابھاگنے کی جگہ نہیں ملےگی، عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس کے کسی ایک کمرے میں بند کردیناچاہیے۔ نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ خاتون اول کا احترام کرتے ہیں مگر معیار سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔ دوسروں کی بیٹیوں اور ماوں کے لیے بھی ایک معیار رکھیں۔لندن میں پی ٹی آئی کے لوگوں نے ہمارے گھر پر حملہ کیا،جب والدہ کی عیادت کے لیے لندن میں موجود تھی تو راستے میں پی ٹی آئی ورکرز سڑکوں پر مجھے گالیاں دیتے تھے، اس وقت عمران خان تالیاں بجایا کرتے تھے ۔ پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر مریم نواز نے کہاکہ پٹرول کی قیمت میں 12 روپے اضافہ کر دیا، پٹرول میں اضافے پر جب عوام تنقید کرے گی تو کیا اس پر بھی ایف آئی اے کو بھیجیں گے، عوام کے پاس کھانے کے لیے پیسے نہیں، اگر غلط کام کیا ہے تو تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ رکھیں، لوگوں کے پاس سرکاری پٹرول کی سہولت نہیں۔ مریم نواز نے دعوی ٰ کیا کہ یہ دنیا کا پہلا وزیراعظم ہے جو بنی گالہ سے وزراعظم ہاؤس تک ہیلی کاپٹر میں آتا ہے،جب آپ ہیلی کاپٹروں اور بلٹ پروف گاڑیوں میں پھریں گے تو آپ کو کیا پتا غریب پر پٹرول کی قیمت بڑھنے سے کیا اثر پڑتا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ پاکستان آج اکیلا اور تنہا کھڑا ہے، دوست ممالک بھی منہ لگانےکو تیار نہیں، عمران خان ان سب کا ذمہ دار ہے ، برائے مہربانی آپ بیرون ممالک کا دورہ نہ کریں۔ اپوزیشن کی عدم اعتماد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں تمام اتحادی جماعتوں سے کہتی ہوں کہ یہ عوام اور حکومت کی جنگ ہے، اور عوام کی آواز پر لبیک کہیں۔