عوام احتیاطی تدابیر کے ساتھ گناہوں سے توبہ و استغفار کر کے اللہ سے رجوع کریںمحمد حسین محنتی کی زیر قیادت وفد کی مفتی منیب ، ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندرودیگر سے ملاقاتیں کراچی: مختلف مکتبہ فکر کے ممتاز علمائے کرام و دینی رہنماؤں نے جماعت اسلامی کی رجوع الی اللہ مہم کی تائید اور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے ڈرنے کے بجائے اللہ سے ڈریں، احتیاطی تدابیر کے ساتھ طہارت اور اپنے گناہوں سے توبہ و استغفار کر کے اللہ سے رجوع اور معافی مانگیں۔ جمعہ 20 مارچ کو یوم دعا رجوع الی اللہ منایا جائے گا، علما کرام منبر و محراب کے پلیٹ فارم سے قوم کی رہنمائی، احتیاطی تدابیر کی ہدایت اور دین اسلام سے جڑنے کی ترغیب دیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز علمائے کرام دارالعلوم نعیمیہ کے مہتمم مفتی منیب الرحمن، جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کے مہتمم ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، جامعہ ستاریہ کے مدیر پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد سلفی، اسلامی تحریک کے علامہ ناظر عباس تقوی نے صوبائی امیر محمد حسین محنتی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے جماعت اسلامی کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ وفد نے رجوع الی اللہ مہم کے حوالے سے ان تک امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا پیغام پہنچایا، جنہوں نے اپنے تعاون اور جماعت اسلامی کی رجوع الی اللہ مہم کی حمایت کا اعلان کیا۔ تمام علمائے کرام ودینی رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ لوگوں کو نماز پڑھنے سے روکنے کے بجائے مساجد کو بھرپور آباد کیاجائے ، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ توبہ و استغفار اور کثرت کے ساتھ ذکر و اذکار کر کے رجوع الی اللہ کیا جائے۔