تازہ ترین

عدليہ اور فوج کے خلاف منظم مہم جاری ہے، فوادچوہدری

عدليہ-اور-فوج-کے-خلاف-منظم-مہم-جاری-ہے،-فوادچوہدری

وفاقی وزيراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عدليہ اورفوج کے خلاف منظم مہم چل رہی ہے تاہم توقع ہے اس کا نوٹس لے کر اسے منطقی انجام تک پہنچايا جائے گا۔ وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سابق جج رانا شميم نے عدالت ميں واضح کردیا کہ اخبار ميں چھپنے والا حلف نامہ ان کا نہيں کیوں کہ وہ ان کے پاس لاکر میں محفوظ ہے۔ فواد چوہدری نے خیال ظاہر کیا کہ شائع ہونے والا حلف نامہ نواز شريف نے اخبار تک پہنچايا ہوگا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قانون ميں تبديلي کے بعد اليکشن کميشن پر لازم ہو چکا ہے کہ تمام ضمنی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذريعے کرائيں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اليکشن کميشن کو اسی صورت میں فنڈز جاری کرے گی جب اليکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشين کے ذريعے ہوں گے۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ  آئندہ تمام ضمنی انتخابات بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشين کے ذریعے کروانا لازمی ہے اگر ایسا نہیں ہوا تو حکومت فنڈ نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لاہور الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی ویڈیوز پر شدید تشویش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریداری پر ایکشن ہوتا تو آج یہ نوبت نہ آتی۔ انہوں نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ مبینہ ویڈیوزکےحوالے سے کوئی اقدام کرے کیوں کہ الیکشن کمیشن کا مضبوط ہونے کے ساتھ موثرہونا بھی ضروری ہے۔  فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان میں 20 کلو آٹا 1100 روپے، چینی 90 روپے کلو ہے جبکہ کراچی میں 20 کلو آٹا 1404، حیدرآباد میں 1443 روپے اور چینی 100 روپے کلو ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مہینے میں چینی کی قیمت میں 60 روپے سے زیادہ کم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں یوریا کا بیگ 10,500 روپے جبکہ پاکستان میں 1700 کا ہے، 6 ماہ میں سندھ میں اس کی کھپت 53 فیصد بڑھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ظاہر یوتا ہے کہ سندھ میں اسمگلنگ کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے جس پر اسے جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں ذخیرہ اندوزی کے ذریعے کسانوں کے استحصال کی کوشش جاری ہے جبکہ پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کاروائی کی گئی ہے جس سے قیمت 400 روپے کم ہوئی ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کرونا کا نیا ویرینٹ اومی کرون بہت تیزی سے پھیلتا ہے اس لیے عوام اپنی ویکسی نیشن فوری مکمل کروائیں۔ فوادچوہدری نے کہا کہ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ 20 ارب ڈالر کے ہدف کے حصول کے قریب ہے جبکہ چاول کی 90 لاکھ ٹن کی ریکارڈ فصل ہوئی اور 4 ارب 75 کروڑ ڈالر کی ایکسپورٹ ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی، ٹماٹر، پیاز کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں