تازہ ترین

عباسی اسپتال کی لیبارٹری آئندہ ہفتے تک فعال ہو جائیگی ،میئر

عباسی-اسپتال-کی-لیبارٹری-آئندہ-ہفتے-تک-فعال-ہو-جائیگی-،میئر

کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال کی لیبارٹری کو آئندہ ہفتے تک فعال کردیا جائے گا اور توقع ہے کہ جلد ہی کورونا وائرس کے ٹیسٹ لیبارٹری میں شروع کردیئے جائیں گے ، ٹیسٹ کی یہ سہولت شہریوں کو مفت فراہم کی جائے گی، عباسی شہید اسپتال میں کورونا وارڈ بھی قائم کیا جا رہا ہے جس میں بیک وقت 48 مرد و خواتین اور 26 بچے داخل کرنے کی گنجائش ہوگی اور این ڈی ایم اے آئسولیشن وارڈ کو بنانے کے لئے تمام ضروریات فراہم کرے گا۔یہ بات انہوں نے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر بیربل گینانی کی جانب سے دی گئی ایک بریفنگ کے موقع پر کہی۔ میئر کراچی نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے عباسی شہید اسپتال کی لیبارٹری کسی بھی قسم کے ٹیسٹ کے قابل نہیں تھی اب اس میں سول ورک کے بعد جدید آلات بھی فراہم کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی مفت سہولت مہیا کرسکیں، کراچی کے اسپتالوں میں مریضوں کے لئے گنجائش ختم ہونے کے باعث شہریوں کو شدید پریشانیاں لاحق ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں آئسولیشن وارڈ کے ساتھ ساتھ آئی سی یو اور ایچ ڈی یو وارڈ بھی قائم کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر بیربل گینانی نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے پی ڈی ایم اے کی ایک ٹیم نے عباسی شہید اسپتال کا تفصیلی دورہ کیا ، ٹیم نے کورونا وائرس وارڈ کے حوالے سے تمام تر تفصیلات کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے تک وارڈ فعال کردیا جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں