ممبئی : بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی ایک بار پھر ملتوی ہوگئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ خبر زیر گردش تھی کہ بالی وڈ جوڑی اس سال دسمبر میں شادی کر لیں گے۔ تاہم اب یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ رنبیر اور عالیہ دسمبر میں شادی تو کرنا چاہتے ہیں تاہم ان کی شادی اس سال نہیں بلکہ اگلے سال ہوگی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رنبیر اور عالیہ کی شادی اگلے سال یعنی 2022 کے آغاز یعنی فروری یا مارچ تک متوقع ہے ۔ شادی میں تاخیر کی وجہ کورونا وائرس کی تیسری لہر ہے کیونکہ رنبیر اور عالیہ چاہتے ہیں کہ ان کی شادی دھوم دھام سے ہو اور اسی وجہ سے دونوں کورونا صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس سے قبل رنبیر کپور کے والد رشی کپور کے اپریل میں انتقال ہونے کے باعث شادی میں تاخیر ہوئی تھی ۔ خیال رہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے درمیان تعلقات اور ان کی شادی کی چہ مگوئیاں 2017 سے جاری ہیں لیکن تاحال دونوں نے واضح طور پر اس حوالے سے کچھ نہیں کہا۔ بالی ووڈ کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جوڑی عالیہ اور رنبیر کوان کے چاہنے والے ایک ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں ۔