اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی کے اثرات سے عام آدمی کو بچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اسلام آباد میں ملک کی معاشی صورتحال اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے عالمی رجحان کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کورونا سے پیدا ہونے والے بحران کے دوران بھی عوامی ریلیف کو بھی اولین ترجیح دیتی رہی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ موجودہ عالمی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے اور گیس کی قیمتوں میں بھی 3 سے 5 گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس کے علاوہ کھانے پینے کی اشیاء بالخصوص پام آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کو احساس پروگرام کی مختلف اسکیموں کے ساتھ ساتھ عوامی ریلیف کی اسکیموں میں مزید بہتری لانے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔