انگلش ایکسیس مائیکرو سکالرشپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے صدر آزاد کشمیر کا خطاب اسلام آباد : آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ انگریزی زبان بین الاقوامی رابطے کا ایک موثر ذریعہ ہے ، طلبہ اپنی مادری زبان کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان و ادب سیکھنے اور اس پر عبور حاصل کرنے پر بھرپور توجہ دیں۔ انگلش ایکسیس مائیکرو سکالرشپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر علوم کا ایک بڑا حصہ انگریزی زبان میں لکھی گئی کتابوں میں موجود ہے جن سے استفادہ کرنے کے لئے انگریزی زبان پر عبور حاصل کرنا ناگزیر ہے ۔ انگریزی ایکسیس مائیکرو سکالرشپ پروگرام کو تیرہ سے اٹھارہ سال کے نوجوانوں کو انگریزی میں مہارت حاصل کرنے کے لئے بنیاد فراہم کرنے کی غرض سے امریکی حکومت کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے ۔ تقریب سے یونیورسٹی آف پونچھ کے عہدیدار وں اور امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن جان ہاور نے بھی خطاب کیا۔