منفی پروپیگنڈہ کے لئے استعمال سے خو د ان کی شخصیت کے بارے میں اچھا تاثر قائم نہیں ہوتا محمد علی جناح یونیورسٹی میں سوشل میڈیا کے موثر استعمال پر ہونے والے اجلاس سے خطاب کراچی: محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے طلبہ سے کہا ہے کہ ذاتی انا کی تسکین کے لئے کسی اچھے کام کو سوشل میڈیا پر منفی انداز میں پیش کرنے سے گریز کیا جائے ، نوجوان سوشل میڈیا کو اچھی باتوں اور اچھے کاموں کی حوصلہ افزائی کے لئے استعمال کریں کیونکہ صرف منفی پروپیگنڈہ کے لئے استعمال سے خو د ان کی شخصیت کے بارے میں اچھا تاثر قائم نہیں ہوتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز یونیورسٹی کیمپس میں سوشل میڈیا کے موثر استعمال کی اہمیت پر سینئر اساتذہ کے ساتھ منعقد ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کیا جس میں یونیورسٹی کے ڈین ، شعبہ جاتی سربرا ہان، ڈائریکٹر اکیڈمکس اور ڈائریکٹر کیو ای سی نے شرکت کی۔ڈاکٹر زبیر شیخ نے سوشل میڈیا ٹیم کو اس ضمن میں ایک متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ سوشل میڈیا کے بہتر استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے سیمینار اور ورکشاپس کا انقاد کریں تاکہ اس کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی کی جاسکے ۔انہوں نے سوشل میڈیا کی ٹیم پر زور دیا کہ یونیورسٹی کے امیج کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے اور یونیورسٹی کی ویب سائٹ کو مسلسل اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ہونے والے سیمینارز اور ورکشاپس کے انعقاد کے موقع پر تجربہ کار اور پروفیشنلز ماہرین کو مدعو کیا جائے جن کے تجربات سے کچھ سیکھا جا سکے اور طلبہ کو بہتر رہنمائی حاصل ہوسکے ۔