اسرائیل کی فلسطینیوں پر وحشیانہ بم باری عید الفطر پر شدت اختیار کر گئی، غزہ میں اسرائیلی فوج نے ایک اور فضائی حملہ کیا جس میں بچوں سمیت آٹھ افراد شہید اور 5 لاپتہ ہو گئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 830 افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیلی فورسز کے حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 140 ہو گئی ہے، جمعے کو غزہ میں 13 اور رام اللہ میں 10 فلسطینی اسرائیلی درندگی کا نشانہ بنے۔ فلسطینیوں نے جمعے کو بھی اسرائیلی فوج پر پتھروں اور پروجیکٹائل سے حملے جاری رکھے جبکہ اسرائیلی فورسز نے مظاہرین پر گولیوں برسائیں۔ حماس کے راکٹ حملوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد 9 ہو گئی۔ ادھر غزہ کے شمال مشرقی علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے پیش نظر شہری نقل مکانی کر رہے ہیں۔