ترک کمپنیوں نے ایل ڈبلیو ایم سی سے 20 کروڑ ملنے کے باوجود135 یونین کونسلوں کے 4 ہزار ورکرز کو تنخواہیں نہ دیں،ملازمین نے کام بند کر دیا بی بی پاکدامن ،دھرم پورہ ،گڑھی شاہو ،چاہ میراں ،شاد باغ اور دیگر علاقوں میں گندگی ہی گندگی،شہریوں کو پریشانی ، شہر کو جلد زیرو ویسٹ کر لیا جائیگا :چیئرمین لاہور : 4ہزار ملازمین نے تنخواہ نہ ملنے پر صفائی بند کر دی جس کی وجہ سے 135 یونین کونسلوں میں کوڑے کے ڈھیرلگ گئے ،آدھے شہر میں تعفن پھیلنے کااندیشہ پیداہو گیا ۔تفصیل کے مطابق ترک کنٹریکٹرزنے کام کی ادائیگیاں نہ ہونے پر کام کرنے سے انکار کر دیا تھا جس پر چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ریاض حمید چودھری نے ایکشن لیتے ہوئے ڈائریکٹر فنانس کو نوٹس جاری کیا اور بورڈ اجلاس میں فوری ادائیگیاں کرائیں ۔ایک روز قبل لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے تنخواہیں ادا کرنے والے کنٹریکٹرز کو 20 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کر دی گئیں مگر تاحال ترک کنٹریکٹرز البراک اور سکیل ہب کی طرف سے 4 ہزار ورکرز کو تنخواہیں نہیں دی گئیں جس کی وجہ سے آدھے شہر کے گلی محلے کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہے ہیں ۔البراک کے ذمہ علاقوں بی بی پاکدامن ،علامہ اقبال روڈ ،دھرم پورہ ،گڑھی شاہو ،کینال روڈ ،تیزاب احاطہ ،چاہ میراں ،ناخداچوک ،شاد باغ ،تاج باغ ،فتح گڑھ ،تاجپورہ سمیت دیگر میں کوڑے کرکٹ کے پہاڑ بن چکے ہیں جن کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے پہلی حکومت میں کبھی ایسا نہیں دیکھا کہ کوڑا کرکٹ سڑکوں پرپڑا ہو، شہری پریشان جبکہ افسر کمروں میں بیٹھے ہیں ۔چیئرمین صفائی کمپنی ریاض حمید چودھری کا کہنا ہے شہر کو جلد زیرو ویسٹ کر لیا جائے گا ،ادائیگیاں کر دی گئی ہیں شہری پریشان نہ ہوں ازالہ کیا جائے گا