تازہ ترین

صدر کے ذہنی صحت کے حوالے سے اقدامات کی سپورٹ کرینگے،میئر

صدر-کے-ذہنی-صحت-کے-حوالے-سے-اقدامات-کی-سپورٹ-کرینگے،میئر

ہر عمر کے افراد کو ذہنی دباؤ کا سامنا،بیروزگاری سے امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں وسیم اختر کاپاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز کے تحت مینٹل ہیلتھ سمٹ سے خطاب کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر عمر کے افراد کو ذہنی دباؤ کا سامنا ہے ، معاشی صورتحال، بے روزگاری، عدم برداشت اور معاشرتی رویے کے باعث ذہنی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز کے زیر اہتمام آل پارلیمنٹری مینٹل ہیلتھ سمٹ 2020 سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں ہیلتھ سمٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ ممبر قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے آل پارلیمنٹری مینٹل ہیلتھ سمٹ 2020 کا اہتمام کیا تھا۔ یونیورسٹی آف مانچسٹر گلوبل نیشنل ہیلتھ انیشیٹوز کے سربراہ پروفیسر نصرت حسین، پروفیسر آف سائیکالوجی ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر عمران بشیر چودھری نے اس سمٹ میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں افتتاحی تقریب میں میئر کراچی وسیم اختر کی موجودگی کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ کراچی میں ذہنی صحت کے حوالے سے بڑے پیمانے پر کام کیا جائے گا۔ صدر پاکستان نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ذہنی صحت کے حوالے سے نیشنل پالیسی بنائی جائے جس پر پورے ملک میں یکساں طور پر عمل کیا جائے۔ میئر کراچی نے سمٹ کے دوسرے سیشن سے خطاب میں مزید کہا کہ ہم صدر پاکستان کے ذہنی صحت کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کی تمام سطحوں پر سپورٹ کریں گے، کے ایم سی کے اسپتال اور ہیلتھ کیئر سینٹرز اس سلسلے میں کام کریں گے، جبکہ منتخب بلدیاتی نمائندے بھی ذہنی دباؤ اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی مہم چلائیں گے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں