اسلام آباد : صدرڈاکٹرعارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کے نا قابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کی یقین دہانی کا اعادہ کیا ہے۔ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں ۔ یو م سیاہ کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے۔ صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیر ی عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کا پر امن حل خطے میں امن کا قیام یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کا مقصد کشمیر یوں کے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق کو دبا نا ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال یوم سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019سے مسلط کردہ فوجی محاصرے کی وجہ سے کشمیری عوام کو درپیش شدید مشکلات کی طرف مبذول کرانا بھی ہے۔