صدر مملکت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظور ہونیوالے 31 بلز کی منظوری دیدی۔ بلز کی توثیق آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت کی گئی ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں 17 نومبر کو حکومت نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر 31 بل منظور کرائے تھے، جو حتمی منظوری کیلئے صدر مملکت کو بھجوائے گئے تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور کئے گئے 31 بلوں کی توثیق کرتے ہوئے ان پر دستخط کردیئے۔ اعلامیے کے مطابق جن بلز کی صدر مملکت نے منظوری دی ان میں نجکاری کمیشن، پورٹ قاسم اتھارٹی بل، جسمانی تشدد کیخلاف بل اور عالمی عدالت انصاف بل شامل ہیں۔ صدر نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن بل، کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ بل، کووڈ 19 بل اور اینٹی ریپ بل کی بھی منظوری دیدی۔ اعلامیے کے مطابق جن بلوں کی منظوری دی گئی ان میں اسلام آباد چیریٹی رجسٹریشن بل، رینٹ ریسٹرکشن بل، انسداد کرپشن بل اور مسلم فیملی لاء سمیت دیگر ترمیمی بل شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مجموعی طور پر 33 بل منظور کرائے گئے تھے جن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق بل بھی شامل تھے۔