تازہ ترین

صدرمملکت کاسابق حکومت کی تبدیلی کی مبینہ سازش کی تحقیقات پرزور

صدرمملکت-کاسابق-حکومت-کی-تبدیلی-کی-مبینہ-سازش-کی-تحقیقات-پرزور

صدر مملکت  ڈاکٹرعارف علوی نے حکومت میں تبدیلی لانےکے لئے مبینہ سازش کی تحقیقات پرزوردیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لکھے گئے خط کا جواب دے دیا۔ اپنے جواب میں صدر مملکت نے کہا  کہ انہوں نے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیرکی طرف سے بھیجی گئی سائفر کی کاپی پڑھی، جس میں ڈونلڈ لوُ کےساتھ پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی باضابطہ سمری موجود تھی۔ صدر نے کہا کہ خاص معاملے میں غیرسفارتی زبان میں واضح طور دھمکی دی گئی، ایک خودمختار،غیور اور آزاد قوم کے وقار کو شدید ٹھیس پہنچی۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت تبدیلی کی مبینہ سازش کی مکمل تحقیقات اورحالات پر مبنی شواہد ریکارڈ کرنےکی ضرورت ہے،چیف جسٹس اس معاملے کی تحقیقات اور سماعت کیلئے بااختیار عدالتی  کمیشن قائم کریں۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے صدر مملکت اور چیف جسٹس پاکستان کو غیر ملکی مراسلے پر تحقیقات کے حوالے سے خطوط ارسال کئے تھے۔ خط میں کہا گیا تھا کہ امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ ڈونلڈ لوُ نے دیگر حکام کے ہمراہ ہمارے سفیر سے باضابطہ ملاقات کی۔ اس ملاقات کیہ تمام تفصیلات ایک خفیہ مراسلے کی شکل میں موجود ہیں۔ عمران خان نے کہا تھا کہ اس سازش کا مقصد مجھے وزارت عظمیٰ سے ہٹانا تھا۔ یہ ایک نہایت سنجیدہ نوعیت کا معاملہ ہے۔ اس کے نتیجے میں میری حکومت کا سازش کے تحت خاتمہ کیا گیا ، غیر ملکی سازش کے تحت نظام حکومت کی تبدیلی سے پاکستان کی خود مختاری اور جمہوریت کو خطرات لاحق ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں