عوام کو صحت کی بہترین سہولیات تک سہل رسائی دینے کیلئے عملی طور پر کوشاں ہیں ملتان:کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق نے طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے کارڈیالوجی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں سے دستیاب سہولیات بارے بات چیت کی۔ اس موقع پر کمشنر ملتان شان الحق نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات تک سہل رسائی دینے بارے عملی طور پر کوشاں ہے ۔صحت کے شعبے میں بہتری کے لئے انقلابی اقدام کئے جارہے ہیں ،انہوں نے کارڈیالوجی ہسپتال میں جاری ترقیاتی سکیموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سکیموں کی تکمیل میں معیار کا خاص خیال رکھا جائے ۔کمشنر نے کارڈیالوجی ہسپتال کے باہر سے تمام تجاوزات کے فوری خاتمے کا حکم دیا ،اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر رانا الطاف نے کہا کہ کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کا ایمرجنسی انخلا28 ملین روپے کی لاگت سے اگلے ماہ مکمل کرلیا جائے گاجبکہ 3ارب کے توسیعی بلاک پر بھی کام جاری ہے ۔توسیعی بلاک میں208 بیڈز، او پی ڈی،ان ڈور تعمیر کیا جارہا ہے جو کہ جون 2021 تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ او پی ڈی کو دسمبر 2020 تک فعال کر دیا جائے گا، ڈاکٹرز کے رہائشی بلاک کا 98 ملین روپے کا پی سی ون منظور کرلیاگیاہے جس کی تعمیر بارے ٹینڈرنگ کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا ۔