کارڈ تقسیم کرنیوالے عملے نے ڈیوٹی سے غائب رہنا معمول بنا لیا ،شہریوں کی دہائی فیصل آباد: صحت کارڈ حاصل کرنے کے لئے غریب شہری ہسپتالوں کے دھکے کھانے پر مجبور، صحت کارڈ تقسیم کرنے والے عملے نے ڈیوٹی سے غائب رہنا معمول بنا لیا ۔ فون کال کرکے بلا لیتے ہیں، گھنٹوں کا سفر طے کرکے آتے ہیں تو عملہ ڈیوٹی سے غائب ہوتا ہے ، شہریوں کی دہائی ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سول ہسپتال میں انصاف صحت کارڈ کی تقسیم پرمامورعملے نے ڈیوٹی سے غائب رہنا معمول بنا لیا ۔ ذرائع کے مطابق ڈیوٹی پر مامور لیڈی ورکر اور دیگر عملہ شہریوں کو ہسپتال سے صحت کارڈ وصول کرنے کی کالز کرتے ہیں ،شہری گھنٹوں کا سفر طے کرکے جب انصاف صحت کارڈ وصول کرنے آتے ہیں تو عملہ ڈیوٹی پر موجود ہی نہیں ہوتا جس کی وجہ سے شہری گھنٹوں ہسپتال میں انتظار کرتے رہتے ہیں جبکہ کال کرنے کی صورت میں دوبارہ فون بھی رسیو نہیں کیا جاتا ۔ اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے وہ غربت اور مہنگائی کی وجہ سے پہلے ہی اذیت میں مبتلا ہیں ایسی صورتحال میں صحت کارڈ عملے نے انکا مذاق بنا رکھا ہے ، صحت کارڈ ملنے کے بعد معلوم نہیں علاج ہوگا یا نہیں لیکن یہاں توحکومت کی جانب سے جاری کئے گئے صحت کارڈ حاصل کرنا ہی دشوار ہوچکا ہے ۔