حکومتی افسر کئی برس سے شہر کی ترقی کا عمل سبوتاژ کرنے میں مصروف ہےحکومت سندھ نے میرپورخاص کو تاحال فنڈز نہیں دیے ،چیئرمین میونسپل کمیٹی میرپورخاص: حق پرست چیئرمین میونسپل کمیٹی انجینئر کامران شیخ اور وائس چیئرمین فرید احمد خان نے میرپورخاص پریس کلب کے باہر پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی نسل پرست حکومت گز شتہ 12برس سے سندھ کے شہری علاقوں کو کھنڈر میں تبدیل کرنے کی منظم سازش پر عمل پیرا ہے ،یہی وجہ ہے کہ کراچی، حیدرآباد اور سندھ کے دیگر شہروں سمیت میرپورخاص میں بھی بلدیاتی نمائندے مفاد عامہ کیلئے کوئی قابل ذکر کام نہیں کرسکے ہیں۔ 8لاکھ نفوس پر مشتمل شہر میرپورخاص کو تاحال حکومت سندھ کی جانب سے فنڈز فراہم نہیں کیے گئے ۔صوبائی لوکل گورنمنٹ کی جانب سے فراہم کردہ او زیڈ ٹی شیئرز ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی،فیول، واپڈا اور دیگر اخراجات کی مد میں خرچ ہوجاتے ہیں۔میونسپل کمیٹی میرپورخاص کے اپنے ذرائع آمدن سے جمع شدہ اس وقت کروڑوں روپے صفائی ستھرائی ،فلاح و بہبود اورترقیاتی اسکیموں کے لیے موجود ہیں لیکن چند عوام دشمن عناصر جنہیں سیاسی پشت پناہی حاصل ہے میرپورخاص کی ترقی نہیں چاہتے بلکہ منتخب حق پرست بلدیاتی قیادت کو شہر کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے روکنے کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے مطابق تمام تر اختیارات چیئرمین میونسپل کمیٹی کو حاصل ہیں لیکن حکومت سندھ نے ایک ایسا سرکاری افسر میرپورخاص پر مسلط کردیا ہے جو گز شتہ کئی برسوں سے میرپورخاص کی ترقی اور مفاد عامہ کے کاموں میں رخنہ اندازی کرکے شہری ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہے۔