اسلام آباد: مشیرِخزانہ شوکت ترین کو وزیرِخزانہ بنانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، ایوانِ بالا (سینیٹ) کی نشست پر آج انتخاب ہوگا۔ تفصیلات کےمطابق خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب آج ہوگا۔ تحریکِ انصاف نے سینیٹ کی نشست شوکت ترین کو وزیرِ خزانہ مقرر کرنے کیلئے خالی کرائی تھی۔ قانونی اعتبار سے کسی بھی غیر منتخب شخصیت کو 6 ماہ سے زائد عرصے کیلئے وفاقی وزیر کے عہدے پر تعینات نہیں کیاجاسکتا۔ شوکت ترین کو بھی 6 ماہ کے بعد عہدہ چھوڑنا پڑا۔ وزیر اعظم عمران خان کو شوکت ترین کی معاشی پالیسیوں پر مکمل اعتماد ہے۔ اس لیے تحریکِ انصاف نے شوکت ترین کو سینیٹ کی نشست پر کامیاب کرا کر وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ کیا۔ ایوانِ بالا میں تحریکِ انصاف اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنانے کیلئے ووٹ دیں گے۔ اپوزیشن جماعتیں انہیں ہرانے کیلئے پورا زور لگا دیں گی۔ دوسری جانب سینیٹ انتخابات میں شوکت ترین کی جیت کیلئے پر عزم پی ٹی آئی دیگر سیاسی جماعتوں کے سینیٹرز کو بھی اپنے حق میں ووٹ ڈالنے کی ترغیب دے سکتی ہے۔ اے این پی کے شوکت جمال، جمعیت علمائے اسلام کے ظاہر شاہ اور پیپلز پارٹی کے محمد سعید بھی سینیٹ کی نشست کیلئے امیدوار ہیں جو شوکت ترین کا مقابلہ کریں گے۔ خیبر پختونخوااسمبلی کے 145 اراکین سینیٹ کی نشست کیلئے ووٹ دیں گے۔ مشیر خزانہ شوکت ترین کی جگہ پی پی پی، جے یو آئی یا اے این پی امیدوار بھی کامیاب ہوسکتے ہیں۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کیلئے نمبر گیم پوری کرنا کوئی نیا کھیل نہیں رہا۔ اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز پارٹی نظریات کی بجائے مفادات کا ساتھ دے سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی امیدوار شوکت ترین کے انتخاب جیت کر سینیٹر بننے کے امکانات زیادہ روشن ہیں تاہم اپوزیشن جماعتیں بھی بھرپور مقابلہ کرکے کانٹے کی ٹکر دیں گی۔