لاہور: بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں تجربہ کار شعیب ملک نے پاکستانی ناؤ پار لگا دی جو ناقابل شکست 58رنز بنا کر مرد میدان قرار پائے ،احسان علی نے پہلی آزمائش میں 36 رنزبنائے اور پانچ وکٹوں سے کامیابی کی بدولت پاکستان نے سیریز میں ایک،صفر کی برتری حاصل کرلی، بنگلہ دیشی ٹیم اچھے آغاز کے باوجود شاہین آفریدی اور شاداب کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے پانچ وکٹوں پر 141رنز بنا سکی تھی، محمد نعیم 43 اورتمیم اقبال 39 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ قذافی سٹیڈیم پر تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے معرکے میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو تمیم اقبال اور محمد نعیم نے عمدگی سے کھیلتے ہوئے 11ویں اوور میں سکور 71تک پہنچا دیا ۔تمیم اقبال 39رنزاورلیٹن داس 12رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، محمدنعیم 43،عفیف حسین 9اور سومیا سرکار7 رنز تک محدودرہے ۔ کپتان محمود اللہ 19جبکہ محمد متھن پانچ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین واپس لوٹے تو بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں پر 141رنز ہی بنا سکی۔ شاہین آفریدی،شاداب خان اورحارث رؤف نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی ۔پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہیں ہو سکا جب شفیع الاسلام کے پہلے اوور کی دوسری بال پر کپتان بابر اعظم نے کھاتہ کھولنے سے قبل لیٹن داس کو کیچ تھما دیا جبکہ پانچویں اوور میں تین چوکوں کی مدد سے 17رنز بنانے والے محمد حفیظ بھی مستفیض الرحمن کی بال پر ٹاپ ایج شاٹ امین الاسلام کے ہاتھوں میں منتقل کر گئے تو سکور دو وکٹوں پر 35 رنز تھا۔ شعیب ملک نے احسن علی کے ساتھ سکور 81تک پہنچا دیا تھا تو پہلا میچ کھیلنے والے اوپننگ بیٹسمین بھی چار چوکوں سمیت 36رنز بنا کر میدان چھوڑ گئے ۔شعیب ملک نے 16رنز بنانے والے افتخار احمد کے ساتھ سکور 117تک لے جانے کے بعد 40 بالز پر اپنی نصف سنچری مکمل کی تو عماد وسیم بھی 6 رنز بنا کر ان کا ساتھ چھوڑ گئے لیکن مین آف دی میچ شعیب ملک نے آخری اوور میں کامیابی کے ساتھ میچ پاکستانی کامیابی پر فنش کیا تو انہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے 58 اور محمد رضوان نے پانچ رنز بنائے تھے ۔ شفیع الاسلام نے دو جبکہ مستفیض الرحمن،الامین حسین اور امین الاسلام نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔