تازہ ترین

شدید متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے 18 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ

شدید-متاثرہ-اضلاع-میں-تعلیمی-ادارے-18-اپریل-تک-بند-رکھنے-کا-فیصلہ

اسلام آباد: وزارت تعلیم نے فیصلہ کیا ہے کہ  کورونا سے شدید متاثر ہونے والے اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے18 اپریل تک بند رہیں گے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے ہم نیوز کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیمی اداروں کو کھلا رکھنے یہ نہ رکھنے کے فیصلہ پر آج مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں کرونا کی تیسری لہر کے باعث کیسز میں اضافہ کا جائزہ لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو مزید بند رکھنے سے متعلق حتمی فیصلہ این سی او سی کی مشاورت سے کیا گیا۔ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ18 اپریل کے بعد  نویں سے بارہویں جماعت کے بچے تعلیمی اداروں میں آئیں۔ نویں سے بارہویں تک کلاسز میں سخت ایس او پیز پر عمل ہوگا۔ پہلی سے آٹھویں جماعت کے متعلق28 اپریل کو فیصلہ کیا جائے گا۔ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات مئی میں لیے جائیں گے۔ کوروناسےمتاثرہ اضلاع میں یونیورسٹی بند، آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی۔ شفقت محمود نے بتایا کہ یونیورسٹیوں میں داخلے بھی تاخیر سے ہوں گے۔ اے اور او لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیرتعلیم نے بتایا کہ اے اور او لیول کے امتحانات کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ امتحانات مکمل ایس او پیز کے ساتھ ہوں گے۔ خیال رہے کہ  کورونا وائرس کے باعث گزشتہ برس 15 مارچ سے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے۔ 6 ماہ کی طویل بندش کے بعد تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر کو دوبارہ کھولا گیا تاہم وبا کی دوسری لہر کے باعث انہیں 26 نومبر کو دوبارہ بند کر دیا گیا تھا۔ یکم فروری سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں بحال کی گئی تھیں اور حکومت نے تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا تھا۔ کورونا وائرس کی تیسری لہر کےدوران حکومت نے دس مارچ کو تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں