بیدیاں ،رائے ونڈ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سینکڑوں فارم ہاؤسز میں آتش بازی ، فائرنگ بھی معمول،روزانہ کارروائیاں جاری:ڈی سی لاہور : وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کے شادی ایکٹ پر عمل درآمد کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے گئے، ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن عمل درآمد پر ناکام ہو گئیں۔ تفصیل کے مطابق شہر کی پانچ تحصیلوں اور 9غیر فعال زونز کے افسروں کے چیکنگ کے لئے دورے بھی مبینہ طور پر فرضی نکلے ۔ذرائع نے انکشاف کیا شادی ہالز اور فارم ہاؤسز میں روزانہ درجنوں شادیوں کو ون ڈش اور اوقات کار کی خلاف ورزی پر چھوڑ دیا جاتا ہے ، سرکاری طور پر محض خانہ پری کی جاتی ہے۔بیدیاں روڈ، سگیاں ،رائے ونڈ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سینکڑوں فارم ہاؤسز میں رات گئے تک شادیوں کے فنکشنز جاری رہنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ شہر کی پانچوں تحصیلوں میں ون ڈش پر عمل در آمد ہورہاہے نہ ہی وقت کی پابندی کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے ۔آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہونا بھی معمول بن گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنردانش افضال کا کہنا ہے شادی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ،روزانہ درجنوں ایف آئی آرز کا اندراج اور شادی ہالز سیل کئے جاتے ہیں۔