سیکیورٹی صورتحال، پاکستان کی سول و عسکری قیادت سر جوڑ کر بیٹھ گئی
شائع شدہ تاریخ 30 مارچ, 2026
تفصیلات کے مطابق ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کا ایک اہم ترین اجلاس آج صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت منعقد ہو رہا ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور ملکی سطح پر اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع نے بتایا اس اہم بیٹھک میں وزیراعظم شہباز شریف، اہم وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ عسکری قیادت شرکت کرے گی۔
اجلاس میں ملکی سلامتی اور معاشی استحکام کے حوالے سے کثیر الجہتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، اجلاس کا بنیادی ایجنڈا مشرقِ وسطیٰ میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لینا ہے۔
پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے لیے ممکنہ ثالثی کے کردار پر مشاورت ہوگی اور خلیجی ممالک پر حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کے پاکستان پر اثرات زیرِ غور آئیں گے۔
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار حالیہ ‘چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس’ کے حوالے سے قیادت کو اعتماد میں لیں گے۔
بڑھتے ہوئے عالمی بحران کے پیشِ نظر ملکی پیٹرولیم ذخائر اور ان کی ترسیل کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومتی سطح پر کفایت شعاری پالیسی اور اب تک کیے گئے اقدامات پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔
تیل کی قیمتوں کے اثرات سے عام آدمی کو بچانے کے لیے موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیورز کو سبسڈی دینے سے متعلق بڑے فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ممکنہ اسمارٹ لاک ڈاؤن اور دیگر ہنگامی اقدامات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ اس حوالے سے صوبوں کی جانب سے دی گئی تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں شہریوں کی نقل و حرکت اور کاروباری سرگرمیوں کو منظم کیا جا سکے۔