پودوں کی بقا وسلامتی کیلئے موثر اقدامات جاری رہنے چاہئیں ،ضمیر حسین کی ہدایت فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں اور پٹرول پمپس پر صاف وشفاف ماحول یقینی بنایا جارہا ہے اس ضمن میں دستیاب جگہوں پر شجر کاری کرنے کے علاوہ مسافروں اور شہریوں کی سہولیات کیلئے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ سیکرٹری آر ٹی اے ضمیر حسین نے سٹی ٹرانسپورٹ ٹرمینل سمیت دیگر مسافر اڈوں اور پٹرول پمپس کا دورہ کیا اور کلین اینڈگرین پروگرام پر عملدرآمد کاجائزہ لیا۔انہوں نے واضح کیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں میں مسافر خانوں سمیت ٹائلٹس کی صفائی اور وہاں صابن ہر صورت موجود ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا لگائے جانے والے پودوں کی بقا وسلامتی کے لئے بھی موثر اقدامات جاری رہنے چاہئیں تاکہ پودے پروان چڑھیں اور صحت افزا ماحول برقرار بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کلین اینڈ گرین پروگرام ایک مستقل عمل ہے ٰلہٰذا انسپکشنز کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔انہوں نے بتایا ضلع کے دیگر محکموں /اداروں کے ساتھ ضلعی محکمہ ٹرانسپورٹ بھی ماحول کو صاف ستھرا اور ترو تازہ بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے جس میں ٹرانسپورٹرز کی بھی شمولیت کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے کہا وہ مسافر اڈوں پر صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں اور مسافروں کو دلکش و خوبصورت ماحول فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت انتظامات برقراررہنے چاہئیں۔