لاہور: سپورٹس بورڈ پنجاب نے ایشین گیمز 1954ء میں فن پہلوانی میں سونے کا تمغہ جیتنے والے دین محمد کی ملک کے لئے خدمات سراہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان، آثار قدیمہ وسیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے جمعہ کے روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ عالمی سطح پر ملک وقوم کا نام روشن کرنے والے لیجنڈز قومی ہیرو ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دین محمد نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے، اس لئے ان کی تصویر سپورٹس بورڈ پنجاب کی وال آف فیم میں آویزاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تیمور خان بھٹی نے کہا کہ دین محمد کی خدمات پر حکومت پنجاب ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ فن پہلوانی پاکستان کا مقبول اور پنجاب کا روایتی کھیل ہے جس میں پاکستان نے نامور پہلوان پیدا کئے، جنہوں نے عالمی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور پاکستان کا پرچم دنیا میں بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت فن پہلوانی کے فروغ اور ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ قومی ہیروز کی پذیرائی کو کسی طرح نظر انداز نہیں کر سکتے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب دین محمد کی ہر ممکن مدد کریگا جبکہ نوجوان نسل کو ماضی کے قومی ہیروز سے روشناس کروانے کے لئے میڈیا سٹریٹجی پر کام جاری ہے۔